راہول سے میری شادی انتخابی پروپگنڈہ : رکن اسمبلی ادیتی سنگھ

لکھنو۔7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی کے ساتھ رکن اسمبلی رائے بریلی ادیتی سنگھ کی شادی کی افواہوں پر شدید ردعمل اور تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ صرف کرناٹک انتخابات کے ضمن میں کیا گیا پروپگنڈہ ہے۔ اس سلسلہ میں بتایا جاتا ہے کہ سوشیل میڈیا پر ادیتی سنگھ، راہول گاندھی کے ساتھ تصاویر گشت کررہی ہیں جن پر لکھا گیا کیپشن ’’آخرکار راہول گاندھی کو شادی کیلیے جوڑی مل گئی‘‘ اور واٹس ایپ پر بھی یہ فوٹو ا ور کیپشن موجود ہے۔ ان افواہوں سے دل برداشتہ 29 سالہ رکن اسمبلی بریلی نے سخت الفاظ میں اس کی تردید کی۔ ادیتی سنگھ نے اپنے اس احساس کا اظہار کیا کہ ’’راہول گاندھی جی، میرے راکھی والے بھائی ہیں۔ شادی کی افواہیں محض ایک پروپگنڈہ ہے۔ ادیتی سنگھ نے افواہ پھیلانے والوں کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس کام سے باز آجائیں۔ ادیتی سنگھ نے اس افواہ میں استعمال ہونے والی تصاویر کے متعلق کہا کہ وہ تصاویر گاندھی خاندان سے کئی دہوں سے تعلقات کی بنا پر ان (راہول گاندھی) کے ساتھ ملاقاتوں میں لی گئی ہیں اور جو گاندھی خاندان کے ساتھ ہی لی گئیں ہیں اور میرا (ادیتی سنگھ) پورا خاندان گاندھی خاندان سے کافی قربت رکھتا ہے۔ وہ پرینکا گاندھی وڈرا سے کافی قربت رکھتی ہیں۔