راہول سنجیدہ الزام لگانے سے پہلے چار بار سوچیں: راجناتھ

امریلی،22ستمبر(سیاست ڈاٹ کام)مرکزی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج صدر کانگریس راہول گاندھی کو صلاح دی ہے کہ کسی کے خلاف سنجیدہ الزامات لگانے سے پہلے کم از کم چار بار سوچنا چاہئے ۔ ایک دن کے دورۂ گجرات پر آئے راجناتھ نے آج یہاں ایک پروگرام میں حصہ لینے سے پہلے نامہ نگاروں سے مختصر بات چیت میں رافیل موضوع کے سلسلے میں جاری تنازعہ اور راہول گاندھی کی جانب سے وزیراعظم پر لگائے گئے الزامات اور سخت تبصرے کے سلسلے میں کچھ بھی کہنے سے انکار کردیا۔ البتہ انہوں نے کہا کہ وہ انہیں یہ صلاح ضرور دیں گے کہ کسی کے بھی خلاف سنجیدہ الزامات لگانے سے پہلے چار بار سوچنا چاہئے ۔ انہوں نے رافیل موضوع پر نئے تنازعہ کے سلسلے میں کہا کہ متعلقہ حکومت نے اس بارے میں بیان دے دیا ہے، انہیں کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ بعد میں اپنے خطاب میں راجناتھ
نے مودی کو حوصلہ مند وزیراعظم قرار دیا جس نے کسانوں کیلئے بڑا فیصلہ کیا۔ ایک ہی بار میں فصل کیلئے اقل ترین امدادی قیمت میں دو تا ڈھائی روپے فی کلو کا اضافہ کردیا ۔