بنگلور، 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما راجیو چندر شیکھر نے کانگریس کے صدر راہل گاندھی کے کیلاش مانسرور جانے کے پروگرام کو محض دکھاوا قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کانگریس کو ووٹ نہیں دیں گے کیونکہ لوگ ان کے ہندوتو کی اصلیت کو سمجھتے ہیں۔مسٹر چندر شیکھر نے یہاں یو این آئی سے انٹرویو میں مسٹر گاندھی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ نرم ہندوتو نہیں ہے ۔ یہ سب الیکشن سے قبل کا دکھاوا ہے ۔”انہوں نے کہا کہ مندر جانے ا ور دیگر جو کچھ بھی مسٹر گاندھی کرتے ہیں وہ سب جھوٹ ہے ۔ برطانوی کمپنی کیمبرج انالیٹکا نے اپنے مشورے میں مسٹر گاندھی سے ضرور کہا ہوگا کہ براہ کرم مندر جائیے کیونکہ ہوسکتا ہے کہ اس سے ہندوؤں کا کچھ ووٹ آپ کو مل جائے ۔”بی جے پی نے مسٹر گاندھی کے حالیہ وندے ماترم تنازعہ پر کہا کہ ایک شخص جو اپنی قومیت کا احترام نہیں کرسکتا وہ اپنے مذہب کا کیسے احترام کرے گا۔بی جے پی کے راجیہ سبھا رکن مسٹر چندر شیکھر نے کہا کہ مسٹر گاندھی نے اپنی زندگی میں ہندوؤں کے لئے کبھی کچھ نہیں کیا ہے ۔ جب بھی الیکشن قریب آتے ہیں وہ مندروں کے درشن کرنے لگتے ہیں۔ گجرات الیکشن میں بھی مسٹر گاندھی نے ایسا کیا اور کرناٹک میں بھی ایسا ہی کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاست میں ایک بات واضح ہے کہ اگر آپ کچھ اچھا نہیں کریں گے تو الیکشن نہیں جیت سکتے ہیں۔ صرف دوسروں پر حملے کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہونے والا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں مسٹر چندر شیکھر نے کہا کہ کانگریس میں سبھی لوگ برے نہیں ہیں لیکن پارٹی لائن کی وجہ سے کچھ لوگ چاپلوسی میں لگے ہوئے ہیں۔کانگریس کے سینئر رہنما سلمان خورشید کا متنازعہ بیان کے بارے میں انہوں نے کہا کہ انہیں اس سلسلے میں کوئی علم نہیں۔