راکٹ فائرنگ کے بعد غزہ سرحد بند

یروشلم۔ 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل نے غزہ سے متصل دو سرحدوں کو بند کردیا ہے۔ اسرائیلی فورس کا کہنا ہے کہ فلسطینی علاقہ سے ایک راکٹ داغے جانے کے بعد یہ سرحدیں بند کردی گئی ہیں۔ غزہ کی یہ سرحدیں فلسطینی عوام کی نقل و حرکت کیلئے اہمیت رکھتی ہیں۔ ایریز اور کیرم شالوم سرحدوں سے فلسطینی عوام اپنی روزمرہ کی اشیاء لانے کیلئے جاتے ہیں۔ انہیں تاحکم ثانی بند کردینے کا اعلان کیا ہے۔ فوجی ترجمان نے کہا کہ یہ سرحدیں صرف انسانی بنیادوں پر انجام دیئے جانے والے امدادی کاموں کیلئے کھولی جائیں گی۔ اسرائیل نے یہ اقدام غزہ سے راکٹ حملہ کرنے کے بعد کیا ہے۔ اس راکٹ حملے سے جنوبی اسرائیل کے شہر اشکول علاقہ میں نقصان ہوا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اسرائیل کی یہ کوشش غیرضروری ہے۔ راکٹ حملے میں کوئی جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔ 16 ستمبر کے بعد سے اسرائیلی سرزمین پر یہ پہلا حملہ تھا اور غزہ میں 50 روزہ تباہ کن اسرائیلی بربریت کے بعد یہ دوسرا حملہ ہے۔ اسرائیل اور غزہ کے حماس عہدیداروں کے درمیان 26 اگست کو جنگ بندی کا معاہدہ ہوا تھا، اس کے تحت اسرائیل نے اپنے حملے روک دیئے تھے۔ ان حملوں میں 2,140 فلسطینی جاں بحق ہوئے ہیں۔ دوسری جانب 73 یہودی بھی مارے گئے تھے جن میں سے اکثریت اسرائیلی سپاہیوں کی ہے۔