راڈوانسکا کے خلاف ماٹک کی حیران کن کامیابی

سڈنی ۔ 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ سے تعلق رکھنے والی ٹورنمنٹ کی کوالیفائیر کھلاڑی بیتھین ماٹک سینس نے سڈنی انٹرنیشنل میں سرفہرست اور دفاعی چمپیئن اگنسزکا راڈوانسکا کو حیران کن شکست دی۔ عالمی درجہ بندی میں 48 ویں مقام پر فائز ماٹک نے دنیا کی پانچویں بہترین کھلاڑی راڈوانسکا کو 7-5 ، 6-2 سے شکست دیتے ہوئے آئندہ ہفتہ ملبورن میں کھیلے جانے والے سیزن کے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن میں ان کی تیاریوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ راڈوانسکا کے خلاف صرف 90 منٹوں میں امریکی کھلاڑی نے کامیابی حاصل کرلی۔ 1998ء کے بعد یہ پہلا موقع ہیکہ راڈوانسکا کو سڈنی کے افتتاحی مقابلہ میں ہی شکست برداشت کرنی پڑی۔ شکست کے بعد راڈوانسکا نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ حریف کھلاڑی نے آج انتہائی جارحانہ مظاہرہ کیا اور میری پہلی یا دوسری سرویس کا ان پر کوئی اثر نہیں ہوا۔ دریں اثناء سابق وملبڈن چمپیئن پیٹرا کیویٹوا ٹورنمنٹ میں اب سرفہرست کھلاڑی باقی ہیں جنہوں نے اپنے مقابلہ میں صرف ایک گیم گنواتے ہوئے امریکی کھلاڑی کرسٹینا مائیک حالے کو شکست دی۔ کیو

یٹوا کا اگلے مرحلہ میں مقابلہ چک جمہوریہ کی لوسی سفوروا سے ہوگا جنہوں نے ٹورنمنٹ کے ایک اور سرفہرست اور سابق عالمی نمبر ایک ڈنمارک کی کیرولین وزنیاکی کو 6-4 ، 7-6(9-7) سے شکست دی۔ دیگر کھلاڑیوں میں چین کی سرفہرست ٹینس اسٹار لی نا نے بھی کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں ان کا مقابلہ امریکی کھلاڑی ماٹک سے ہوگا۔ جرمنی کی ابھرتی کھلاڑی اینجیلک کربر نے پستونیا کی کائی کینیپی کو راست سیٹوں میں 6-3 ، 6-4 سے شکست دی ہے۔ مرد زمرہ کے مقابلوں میں روشیا کے مارن سیلیک نے جرمنی کے جان لینارڈ اسٹرف کو 3 سیٹوں پر مشتمل مقابلہ میں شکست دی۔ دفاعی چمپیئن برنارڈ ٹامک نے اسپین کے مارسل گرانولرس کو اندرون ایک گھنٹہ طویل مقابلہ میں 6-3 ، 6-0 سے شکست دی۔ مقامی کھلاڑی میرینکو ماٹو سیوک نے جرمنی کے لوریان میئر کو 6-2 ، 4-6 ،6-3 سے شکست دی جبکہ چیک جمہوریہ کے راڈک اسٹپنک نے پہلے سیٹ میں شکست کے باوجود آسٹریلیائی کھلاڑی سام گروتھ کو 6-7(6-8)، 7-6(7-5)، 6-2 سے شکست دی ہے۔