راڈوانسکا بھی فرنچ اوپن سے باہر

پیرس 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) فرنچ اوپن سے سرفہرست اور خطاب کی مضبوط دعویدار ٹیموں کا مسلسل اخراج عمل میں آرہا ہے اور اس کا سلسلہ آج بھی جاری رہا جیسا کہ 25 سالہ پولینڈ کی اگنس زکا راڈوانسکا بھی حیران کن طور پر ٹورنمنٹ سے باہر ہوچکی ہیں اور انھیں کروشیا کی غیرمعروف کھلاڑی اجلا ٹام لجناویک نے 6-4 ، 6-4 سے شکست دی ہے۔ راڈوانسکا سے قبل عالمی نمبر ایک اور ٹورنمنٹ کی مضبوط دعویدار و دفاعی چمپئن سرینا ولیمس کے علاوہ چینی کھلاڑی لی نا بھی ٹورنمنٹ سے باہر ہوچکی ہیں۔ سرفہرست کھلاڑیوں کی ٹورنمنٹ سے باہر ہونے کی وجہ سے اب رومانیہ کی سیمونا ہالیپ جن کو ٹورنمنٹ میں چوتھا مقام حاصل ہے اب وہ سب سے بہتر درجہ کی کھلاڑی ہیں۔ علاوہ ازیں ٹورنمنٹ میں سابق چمپئن جنھوں نے 2012 ء میں خطاب حاصل کیا تھا، وہ شاراپوا ہیں، ان کے علاوہ دیگر سابق کھلاڑیوں میں اینا ایوانووچ اور سویتلانا کوزنیٹسووا بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں یو ایس اوپن چمپئن سام اسٹوسر بھی خطاب کی دوڑ میں موجود ہیں کیوں کہ انھوں نے اپنے تیسرے راؤنڈ کے مقابلہ میں آسٹریلین اوپن کا فائنل کھیلنے والی ڈومینیکا سیبولکوا کو 6-4 ، 6-4 سے شکست دی ہے۔ راڈوانسکا جو کبھی یہاں کوارٹرس فائنلس سے آگے نہیں بڑھ پائی تھیں انھیں غیرمتوقع طور پر تیسرے ہی سیٹ میں شکست برداشت کرنی پڑی جنھیں عالمی درجہ بندی میں 72 ویں مقام پر فائز 21 سالہ کھلاڑی نے شکست دی۔