حیدرآباد ۔ 17 اپریل (سیاست نیوز) سکندرآباد کے مصروف ترین تجارتی علاقہ رانی گنج میں پیش آئے مہیب آتشزدگی کے واقعہ میں اسپیر پارٹس گودام جل کر خاکستر ہوگیا۔ مہانکالی پولیس کے بموجب رانی گنج میں واقع باش اسپیر پارٹس گودام جو دوسری منزل پر واقع ہے، میں آج رات 8.30 بجے اچانک آگ لگ گئی، جس کے سبب تجارتی علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ گودام کے مالکین ملیش اور رمیش نے پولیس کو اس بات سے آگاہ کروایا اور کچھ ہی دیر میں 5 فائر انجنس جائے حادثہ پر پہنچ گئے، لیکن گودام کا راستہ تنگ ہونے کے سبب آگ پر قابو پانے میں دشواریاں پیش آئیں۔ فائر انجن عملہ نے اسکائی لفٹ کرین کی مدد سے آج رات 11 بجے آگ پر قابو پانے میں کامیابی حاصل کرلی اور گودام کے شٹرس کو توڑ دیا گیا۔ بتایا جاتا ہیکہ آگ لگنے کی وجہ کا علم نہ ہوسکا۔ اسی قسم کے ایک اور واقعہ میں لنگر ہاؤز مغل نگر میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ میں طاہر لاری شیڈ میں اچانک آگ لگنے سے شیڈ جل کر خاکستر ہوگیا۔ بتایا جاتا ہیکہ شیڈ کے مالکین آج جمعہ کی نماز کو گئے ہوئے تھے، واپس لوٹنے پر لاری شیڈ میں مہیب آگ کو دیکھ کر مقامی پولیس کو اطلاع دی۔ فائرانجن عملہ نے آگ پر قابو پالیا۔