رانجی ٹروفی : جموں و کشمیر کیخلاف کرناٹک کو کامیابی

ہبلی۔7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) رانجی ٹروفی گروپ اے کرکٹ میچ میں کرناٹک نے کھیل کے تیسرے دن جموں و کشمیر کو ایک اننگز اور 30 رنز سے شکست دے دی۔ ایان دیو سنگھ نے جرأ ت مندانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 94 رنز بنایا لیکن دیگر بیٹسمین نے کوئی خاص مزاحمت نہیں کی۔ جموں و کشمیر کی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان سے 36 رنز کے اسکور کے ساتھ آج اپنے کھیل کا دوبارہ آغاز کیا لیکن کرناٹک کے خلاف صرف 233 رنز پر ساری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ بالخصوص میڈل آرڈر کے کھلاڑی کرناٹک کے بولنگ حملے کے آگے بری طرح لڑکھڑا گئے۔ کرناٹک نے قبل ازیں 9 وکٹ پر 423 رنز کے اسکور پر اپنی پہلی اننگز ڈیکلیر کردیا تھا۔ آر ونئے کمار (3/52) ابھیمینو متھن (3/55) اور سری ناتھ اروند (3/48) جیسے تین فاسٹ بولرس نے جموں و کشمیر کے بیٹنگ آرڈر کو عملاً روند ڈالا اور کرناٹک کو 7 پوائنٹس کے ساتھ کامیابی حاصل کرنے میں مدد کی۔ نائٹ واچ مین اے پی سنگھ (4) آج اپنی ٹیم کی مدد نہیں کرسکے اور دوسرے دن کے کھیل میں دوسری ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ سنگھ کے ساتھ عادل رشی (36) اور ایان دیو نے میزبانوں کے بولنگ حملوں کی جرأت مندانہ مزاحمت کی۔ کپتان پرویز رسول (25) نے اگرچہ کھیل کی اچھی شروعات کی لیکن وہ بھی زیادہ یر پچ پر نہیں رہ سکے۔