حیدرآباد۔ یکم مارچ (سیاست نیوز) مشہور بالی ووڈ فلم ڈائریکٹر رام گوپال ورما جو ہمیشہ تنازعات میں گھرے رہتے ہیں، آج ایک انوکھا کام کرتے ہوئے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرانے کی کوشش کی۔ انہوں نے تلنگانہ پولیس کو حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی کار میں بیٹھ کر سوشیل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹوئٹر پر یہ تصویر اَپ لوڈ کی اور اس میں کہا گیا پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ رام گوپال ورما نے بنجارہ ہلز کی سری نگر کالونی ستیہ نگامگم علاقہ میں حیدرآباد سٹی پولیس کی نئی پٹرولنگ گاڑی میں بیٹھ کر ایک تصویر اُتروائی اور اسے ٹوئٹر پر اپ لوڈ کردیا اور بتایا کہ انہیں پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ رام گوپال ورما کی اس اطلاع پر سٹی پولیس اور میڈیا میں ہلچل مچ گئی اور اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے اس معاملے کی حقیقت کا پتہ چلانے پر یہ معلوم ہوا کہ بنجارہ ہلز کی پٹرولنگ کار میں انہوں نے یہ تصویر کھنچوائی تھی۔ اس ضمن میں ربط کرنے پر سٹی پولیس کے عہدیداروں نے خاموشی اختیار کرلی اور کسی کارروائی کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔