نئی دہلی ۔ 12 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ار جے ڈی کے باغی قائد رام کرپال یادو نے آج بی جے پی میں شمولیت احتیار کرلی اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے پارٹی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کی ستائش شروع کردی اور لالو پرساد کو پاٹلی پتر حلقہ انتخاب کیلئے اپنی بیٹی میسا بھارتی کو ٹکٹ دینے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے پارٹی صدر راج ناتھ سنگھ کی موجودگی میں شمولیت اختیار کی ۔ لالو پرساد کے اقدامات سے دل برداشتہ رام کرپال یادو نے کہا کہ وہ گزشتہ 35 سال سے آر جے ڈی کے ایک خدمت گزار ورکر ہے اور لالو پرساد نے جو کچھ کیا اس کی توقع نہیں کی جاسکتی تھی ۔ آر جے ڈی میں اب ارکان خاندان کو زیادہ اہمیت دی جارہی ہے جو افسوسناک بات ہے ۔ آج ہمیں سماجی انصاف کے خلاف لڑنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی میں شمولیت کے بعد وہ پارٹی کی ترقی کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں جھونک دیں گے ۔ اس موقع پر پارٹی میں ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ رام کرپال گزشتہ 17 سالوں سے آر جے ڈی کے سکریٹری جنرل تھے اور اب انہوں نے بی جے پی کی تائید کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ رام کرپال یادو کا آر جے ڈی میں دم گھٹنے لگا تھا کیونکہ لالو پرساد پارٹی کے وفادار ورکرس کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنے خاندان کی سیاسی رہنمائی میں لگے ہوئے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کے خاندان کا ہر فرد ایم ایل اے ، ایم پی یا وزیر بن جائے ۔ رام کرپال پاٹلی پتر حلقہ سے انتخابی میدان میں آنا چاہتے ہیں جہاں سے لالو پرساد نے اپنی بیٹی میسا بھارتی کو کھڑا کیا ہے۔