رام پرکاش انگلینڈ کے کوچ مقرر

لندن ۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ اینڈ ویلس کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے آج اعلان کیا ہیکہ مارک رام پرکاش کو انگلش ٹیم کا بیٹنگ کوچ بنایا گیا ہے۔ رواں برس سابق اوپنر گراہم گوچ کو کوچ کے عہدہ سے برطرف کئے جانے کے بعد قیاس آرائیاں کی جارہی تھی کہ 45 سالہ رام پرکاش ان کے جانشین ہوں گے۔ اس عہدہ کیلئے رام پرکاش کا مقابلہ ایک اور سابق کھلاڑی گراہم تھورپ سے تھا جنہوں نے محدود اوور کی ٹیم کیلئے ایشلے جائلس کی سرپرستی میں خدمات انجام دی ہیں۔ ای سی بی کے مینجنگ ڈائرکٹر پال ڈاونٹن نے کہا ہیکہ رام پرکاش کو انگلش ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر کرنے پر وہ کافی خوشی محسوس کررہے ہیں کیونکہ ان کی سرپرستی میں انگلینڈ اے نے بہتر مظاہرہ کئے ہیں۔

میسی کا ریکارڈ مظاہرہ
بار سلونا آخری 16 ٹیموں میں
پیرس ۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) لیونل میسی کے ریکارڈ مظاہرہ کی بدولت بار سلونا دیگر ٹیموں بیرن میونق ، پیرس سینٹ جرمین اور پورٹو کے ہمراہ چمپیئنس لیگ کی قطعی 16 ٹیموں میں شامل ہوگئی ہے۔ میسی نے ایجیکس کے خلاف دونوں گول اسکور کئے اور بارسلونا نے 2-0 کی کامیابی حاصل کی۔ میسی نے ان دو گولس کے ذریعہ ٹورنمنٹ میں راول کے 71 گولس کے ریکارڈ کی برابری کرلی ہے۔