نئی دہلی۔ 29 اکتوبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر پر اپنا موقف دہراتے ہوئے پیر کو کہا کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ کے زیر غور ہے اور وہاں مندر تعمیر ہوگی یا نہیں، اس بارے میں عدالت کو ہی فیصلہ کرنا ہے ۔کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے یہاں پریس کانفرنس میں پوچھے گئے سوالات پر کہا کہ بی جے پی کو انتخابات کے وقت ہر پانچ سال میں رام مندر کی تعمیر کی یاد آ جاتی ہے ۔ اس وقت بھی عام انتخابات کو سامنے دیکھتے ہوئے بی جے پی اور اس کے رہنماؤں نے یہی راگ الاپنا شروع کردیا ہے ۔ ہر پانچ سال میں بی جے پی مندر کے نام پر لوگوں کو بانٹنے کا کام شروع کرتی ہے اور اس بار بھی صورتحال مختلف نہیں ہے ۔ چدمبرم نے کہا کہ رام مندر کے بارے میں پارٹی اپنا رخ پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ اس معاملے میں سب کو سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے ۔