ایودھیا ۔ 6 نومبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) ایودھیا تنازعہ کی برادریوں کے درمیان بات چیت کے ذریعہ یکسوئی کا راستہ اب نہیں رہا اور بی جے پی یہاں دستوری یا قانونی راستوں کے ذریعہ رام مندر کی تعمیر کے سلسلے میں کام کرے گی ، پارٹی کے ضلع فیض آباد کے سربراہ نے آج یہ بات کہی ۔ مقدس شہر ایودھیا میں اس مرتبہ دیوالی کی تقاریب پارٹی اور سنگھ پریوار میں بڑھتی بیان بازی کے درمیان ہورہی ہیں کہ رام جنم بھومی پر مندر کی تعمیر آرڈنینس کے ذریعہ عمل میں لائی جائے۔ صدر فیض آباد بی جے پی اودھیش پانڈے کا دعویٰ ہے کہ ایودھیا کی اکثریتی آبادی رام مندر کی تعمیر دیکھنا چاہتی ہے کیونکہ یہ اکثریت کے عقیدے کا معاملہ ہے اور بی جے پی واحد پارٹی ہے جو اُن کے اس مسئلہ کو اُٹھاتی ہے ۔ پانڈے نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی سے کہاکہ آرڈنینس لانے کے تعلق سے مطالبہ میں جس طرح شدت پیدا ہورہی ہے اُس کے پیش نظر بی جے پی قانون سازی کا راستہ یا پھر دستوری چوکھٹے کے اندرون کاکوئی متبادل ڈھونڈ نکالے گی کیونکہ بات چیت سے مسئلہ حل کرنے کا راستہ ختم ہوگیاہے۔