بھوپال ۔6اپریل (سیاست ڈاٹ کا ) نائب صدر بی جے پی اوما بھارتی نے آج کہا کہ رام مندر کا مسئلہ پارٹی کیلئے عقیدہ کا معاملہ ہے جب کہ ترقی اور پسماندگی آئندہ لوک سبھا انتخابات کے اہم موضوعات ہیں ۔ وہ دو دن قبل ساگر لوک سبھا نشست کیلئے انتخابی مہم چلانے کے دوران دردگردہ بخار میں مبتلا ہوگئی تھیں ۔ چنانچہ آرام کرنے جھانسی واپس ہوگئی ۔ اس سوال پر کہ کیا رام مندر کے مسئلہ پر ہندو ووٹوں کی صف بندی کیلئے بی جے پی کوشش کررہی ہے جس کے نتیجہ میں مسلمان کانگریس کی جانب مائل ہورہے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ یہ کانگریس کی سازش ہے ‘ بی جے پی کی نہیں ۔ انہوں نے صحت کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کو پہلے ہی اپنی صحت کے بارے میں اطلاع دے چکی ہیں اور کہہ چکی ہیں کہ وہ انتخابی مقابلہ میں حصہ نہیں لے سکیں گی لیکن پارٹی کے حکم کی تعمیل ان کافرض ہے ۔ وہ دو دن تک ڈاکٹروں کی زیرنگرانی رہیں گی ۔ ایسی افواہیں ہیں کہ وہ جھانسی سے مقابلے میںحصہ نہیں لینا چاہتی لیکن اُن کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اُن کی صحت انتخابات میںحصہ لینے کی اجازت نہیں دیتی ۔