نئی دہلی ، 20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر بی جے پی امیت شاہ نے جمعرات کو امید ظاہر کی کہ ایودھیا میں رام مندر تعمیر کرنے کی تحریک کا نتیجہ ’’کلچر کی فتح‘‘ کی صورت میں برآمد ہوگا اور کہا کہ عوام کے احساسات کی جمہوریت میں ہمیشہ جیت ہوتی ہے۔ اُن کے ریمارکس ایک کتاب کی اجرائی کے موقع پر سامنے آئے جبکہ آر ایس ایس سربراہ موہن بھگوت نے دو روز قبل رام مندر کی جلد از جلد تعمیر کیلئے اپنی اپیل کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سماج سے جلد ’’انصاف‘‘ کرنے کی ضرورت ہے۔ امیت شاہ نے رام جنم بھومی تحریک کو ہندوستان میں آزادی کے بعد سے بڑا ایجی ٹیشن قرار دیا، جس کا سماج کے تمام طبقات سے ربط ہے۔