رام دیو کیخلاف مزید ریاست میں کارروائی ، ہماچل پردیش میں امتناع

راہول کیخلاف ’’ہنی مون‘‘ ریمارکس ، درج فہرست طبقات و قبائل قانون کے تحت مزید ایف آئی آر

شملہ ؍ ناگپور ۔ 28 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) یوگاگرو رام دیو کی جانب سے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کئے گئے ’’ہنی مون‘‘ ریمارکس پر حکومت اترپردیش کی جانب سے ان ( رام دیو ) کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ۔ جس کے بعد آج ہماچل پردیش میں بھی ان کے پروگراموں پر امتناع عائد کردیا گیا اور مہاراشٹرا میں قانون درج فہرست طبقات و درج فہرست قبائل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ اس دوران رام دیو نے کہاکہ وہ اس ضمن میں عدالت سے رجوع ہوں گے ۔ رام دیو نے ہماچل پردیش میں ان کے یوگا کیمپوں پر عائد امتناع کو غیرجمہوری قرار دیا اور الزام عائد کیا کہ ان پابندیوں کیلئے حکومت نے الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈالا ہے ۔ انھوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ راہول سے متعلق ان کے ریمارکس کو کانگریس نے مسخ کیا ہے اور محض ووٹ بینک سیاست کے لئے ان ریمارکس کو دلت دشمن ظاہر کرتے ہوئے تنقیدیں کی جارہی ہیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر نریندر چوہان نے کہا کہ رام دیو نے الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق یوگا کیمپوں کے انعقاد کیلئے اجازت لینے سے انکار کردیا تھا ۔ الیکشن کمیشن نے ریاستو ںکو ہدایت کی تھی کہ یوگا کیمپس میں غیرسیاسی پروگراموں کے ذریعہ کوئی سیاسی سرگرمی نہ چلائے جانے کو یقینی بنایا جائے ۔ نریندرچوہان نے شملہ میں کہا کہ ’’ان احکام پر عمل آوری کے لئے ضلع انتظامیوں کو ہدایت کی جاچکی ہے ۔ کانگرا ، چمبا اور ریمان میں یوگا کیمپوں کے انعقاد کے لئے رام دیو کے ادارہ پتنجلی یوگا پتھ کو اجازت نہ دی جائے ‘