رام دیو کا سر لانے پر ایک کروڑ روپئے کا انعام

چندی گڑھ ۔ 5 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بی ایس پی کے ہوشیار پور لوک سبھا امیدوار بھگوان سنگھ چوہان نے یوگا گرو بابا رام دیو کے مبینہ ’’مخالف دلت ‘‘ ریمارکس پر اُن کے قتل کے لئے ایک کروڑ روپئے کا انعام رکھا ہے ۔ ’’میں اُس شخص کو ایک کروڑ روپئے ادا کرنے تیار ہوں جو اُس (رام دیو ) کا سر میرے پاس لائے گا ‘‘۔ بی ایس پی لیڈر نے کل یہ بات کہی جبکہ انھوں نے یوگا گرو کا پتلہ یہاں ہوشیار پور بس اسٹانڈ کے قریب نذر اتش کیا، کیونکہ انھوں نے مبینہ طورپر راہول گاندھی کو نشانہ بناتے ہوئے مخالف دلت ریمارکس کئے تھے۔ چوہان نے آج کہا کہ وہ رام دیو کے بارے میں اپنے بیان پر قائم ہیں۔ ہوشیار پور ڈپٹی کمشنر تنو کیشپ نے اپنے نظم و نسق کو اس ضمن میں مناسب کارروائی کی ہدایت دی ہے ۔ دریں اثناء رام دیو کے خلاف آج پنجاب پولیس نے سکھ برادری کے مذہبی جذبات کو مبینہ طورپر مجروح کرنے کی پاداش میں ایک مقدمہ سیکشن 295-A کے تحت درج کرلیا ۔ پولیس نے کہا کہ سکھ کوآرڈنیشن کمیٹی کے ممبر ہرپریت سنگھ کی شکایت پر یہ کارروائی کی گئی۔