نئی دہلی۔ 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی (عاپ) نے پیٹھ میں چاقو گھونپنے اور سازشیں رچنے‘‘ کے الزامات کے تحت سینئر قائدین پرشانت بھوشن اور یوگیندر یادو کو گزشتہ روز قومی عاملہ سے خارج کرنے کے بعد آج اپنے ایک ناراض لیڈر پرشانت بھوشن کو تادیبی کارروائی کمیٹی سے ہٹا دیا اور داخلی لوک پال رام داس کو بھی برطرف کردیا۔ عاپ کے قومی سیکریٹری سنجے گپتا نے کہا کہ قومی عاملہ کے آج یہاں منعقدہ ہنگامی اجلاس میں بحریہ کے سابق سربراہ رام داس کو داخلی لوک پال کے عہدہ سے برطرف کردیا اور سابق آئی پی ایس افسران این دلیپ کمار اور راکیش سنہا کے علاوہ ماہر تعلیم ایس پی ورما پر مشتمل نیا لوک پال تشکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ان تمام افراد نے لوک پال میں شامل ہونے سے اتفاق کرلیا ہے‘‘۔ عاپ کی قومی عاملہ نے بھوشن کو تادیبی کمیٹی سے برطرف کرتے ہوئے ان کے بجائے دنیش واگھیلا کی قیادت میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جس میں عاپ کے سربراہ اور دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال کے وفادار اشیش کھیتان اور سنجے گپتا شامل ہیں۔ سنجے گپتا نے گزشتہ روز رام داس کو ایس ایم ایس روانہ کرتے ہوئے قومی عاملہ کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا جس کے دوسرے روز آج انہیں داخلی لوک پال کے عہدہ سے برطرف کیا گیا ہے۔ بھوشن اور یادو کا اخراج دراصل پارٹی سے ان کے اخراج کا پیش خیمہ ہے۔