رامجس کالج میں تشدد کیلئے مودی ذمہ دار : کانگریس

نئی دہلی۔27 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے دہلی یونیورسٹی کے رامجس کالج میں ہوئے تشدد کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے آج کہا کہ اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) کو راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی حمایت حاصل ہے اور تشدد سنگھ پریوار کے خون میں ہے ۔کانگریس کے ترجمان منیش تیواری نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں الزام لگایا کہ ودیارتھی پریشد ہر جگہ لوگوں اور طلبا کو ڈرانے دھمکانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ ملک کی تمام یونیورسٹیوں میں ایک جیسا تشدد ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا، ’’ودیارتھی پریشد کو سنگھ کی حمایت حاصل ہے اور تشدد ان کے ڈی این اے میں ہے‘‘ ۔پریس کانفرنس میں کانگریس کے نوجوان لیڈر روہت چودھری اور امرتا دھون بھی موجود تھیں۔انہوں نے کہا کہ دہلی یونیورسٹی کے نارتھ کیمپس میں ہوئے تشدد کیلئے مسٹر مودی ذمہ دار ہیں۔ انہیں یونیورسٹیوں میں ہو رہے تشدد کے واقعات پر روک لگانے کیلئے سخت اقدامات کرنے چاہئیں۔ کانگریس نے کہا کہ نارتھ کیمپس میں ہوئے تشدد کی غیرجانبدارانہ تفتیش کرائی جانی چاہئے اور قصورواروں کو سخت سزا دی جانی چاہئے ۔