گوداوری کھنی ۔ 31 ۔ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) راماگنڈم میں سب ٹریژی آفس کے قیام کیلئے ریاستی حکومت نے منظوری دے دی ۔ جی او نمبر 667 کے تحت حکومت کے سکریٹری نوین مٹل نے جی او جاری کردیا ہے یہ سب ٹریژی آفس حلقہ اسمبلی راما گنڈم کے عوام کی سہولت کیلئے قائم کی جارہی ہے ۔ جن میں بلدیہ راما گنڈم اور منڈل راما گنڈم کے مواضعات کے عوام کو سہولت ہوگی اب تک عوام پدا پلی سب ٹریژی آفس کو جاتے تھے جو 30 کیلو میٹر کی دوری پر ہے یہاں پر آفس قائم ہوتے ہی طلباء کو سرکاری ملازمین کو ، پولیس اسٹیشنوں کو اور کنٹراکٹرس کو کافی سہولت ہوجائی گی ۔ راماگنڈم یا گوداوری کھنی میں فی الوقت کرایہ کی عمارت میں اس آفس کو شروع کیا جائیگا ۔ راما گنڈم جب حلقہ اسمبلی میڈارم کے تحت تھا جب رکن اسمبلی کے ایشور نے بہت بار سب ٹریژی آفس کیلئے حکومت سے نمائندگی کی تھی اور اب ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد یم ایل اے راماگنڈم یس ستیہ نارائنا نے بھی جولائی 2014 ء میں ریاستی وزیر ایٹالہ راجندر سے اس آفس کیلئے نمائندگی کی ہے ۔ وزیر نے تیقن دیا تھا کہ راماگنڈم میں سب ٹریژی آفس کو قائم کیا جائیگا ۔ اب حکومت نے اس ٹریژی آفس کیلئے منظوری دے دی ہے ۔