رافیل سودے پر مفاد عامہ کی عرضی گمراہ کن:کانگریس

نئی دہلی14ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے رافیل سودے پر سپریم کورٹ میں مفاد عامہ کی عرضی کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ رافیل گھوٹالے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کو متاثر کرنے کی کوشش ہے ۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے میڈیا انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ہم رافیل گھوٹالے پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اشارے پرمفاد عامہ کی عرضی کو مسترد کرتے ہیں۔ یہ ایک گمراہ کرنے والا قدم ہے اور گھوٹالے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کو متاثر کرنے کی کوشش ہے ۔ ہم رافیل گھوٹالے کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی سے جانچ کروانے کے لئے مسلسل دباؤ بنائیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ عرضی گزار تحسین پوناوالا نے اپنی درخواست میں رافیل سودے کی دوبارہ طے پانے والی قیمتوں کا انکشاف کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے ۔