نئی دہلی ۔ 18 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر پارلیمانی اُموروجئے گوئل نے منگل کو بیان دیا ہے کہ رافیل سودے بازی پر مباحث کیلئے کانگریس لوک سبھا اور راجیہ سبھا سے اجتناب کررہی ہے جبکہ حکومت اس کیلئے تیار ہے ۔ مسٹر گوئل نے آج پارلیمنٹ کے باہر اخباری نمائندوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت چاہے وہ رافیل ، کاویری پانی تنازعہ ، آر بی آئی یا سی بی آئی کا مسئلہ ہو مباحثہ کیلئے تیار ہے لیکن کانگریس اس سے فرار ہورہی ہے ۔ سپریم کورٹ کے حالیہ حکمنامہ کے بعد جس میں عدالت نے کہا تھا کہ اس سودے بازی میں کسی بھی قسم کی تحقیقات کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ کانگریس غیر ضروری غلط اطلاعات پھیلا رہی ہے ۔ کانگریس اس سودے بازی پر الزام لگاتی آرہی ہے کہ حکومت نے فی طیارہ 1,670 کروڑ روپئے معاہدہ کیا ہے جبکہ سابق یو پی اے حکومت نے اس طیارہ کی خریدی کیلئے 526 کروڑ روپئے کو حکومت فرانس کے ساتھ قطعیت دی تھی ۔