رافیل ، کانگریس کا انتخابی نعرہ ہوگا : پرتھوی راج چوان

ناسک 8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں کانگریس نے کہا ہے کہ رافیل لڑاکا طیارے کی معاملت پارٹی کے لئے کلیدی انتخابی موضوع رہے گی اور ڈیزل و پٹرول کی بڑھتی قیمتوں پر این ڈی اے کو شدید نشانہ بنایا گیا۔ سینئر کانگریس لیڈر پرتھوی راج چوان نے کہاکہ پارٹی آنے والے اسمبلی اور لوک سبھا چناؤ رافیل اور عوامی مفاد کے دیگر مسائل پر لڑے گی۔ اصل اپوزیشن پارٹی نے رافیل لڑاکا جیٹ طیاروں کی فرانس سے خریداری میں بے قاعدگیوں کا الزام عائد کیا ہے، جس کی بی جے پی زیرقیادت حکومت نے پرزور تردید کی ہے۔ شمالی مہاراشٹرا میں اتوار کی شام بھاجی مارکٹ گراؤنڈ پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چوان نے کہاکہ موجودہ حکومت میں ملک کی معاشی حالت کمزور پڑچکی ہے۔ سابق مرکزی وزیر نے کہاکہ حکومت نے ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کے ذریعہ کروڑہا روپئے کی کمائی کرلی ہے لیکن عام آدمی کے لئے کوئی قابل لحاظ راحت فراہم نہیں کی۔ یہ جلسہ کانگریس کی جن سنگھرش یاترا کے تحت منعقد کیا گیا جو کل یہاں پہونچی۔اپوزیشن پارٹی نے مرکز اور مہاراشٹرا میں بی جے پی زیرقیادت حکومتوں کی ناکامیوں کو اُجاگر کرنے کے لئے اگسٹ میں ریاست گیر یاترا شروع کی تھی۔