گلبرگہ:26جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)کرناٹک ہائی کورٹ ویجلنس ونگ اور ہمنا باد پولس نے آج بسواکلیان کے سینئر سول جج شرنپا سجن جو بسواکلیان سٹی کے باہر 2014میں ایک کیس کے سلسلے میں رشوت قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے جانے کے بعد فرار ہو چکے تھے کو بالآخر گرفتار کر لیا ہے۔پولس ایس پی سدھیر کمار ریڈی کے مطابق ملزم کو رائچور ضلع کے سندھنور تعلقہ میں واقع ایک فارم ہائوز سے جہاں وہ پوشیدہ تھے کل شام مصدقہ ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے بعد گرفتار کیا گیا تھا اور انھیںکل صبح شہر لایا گیا۔پولس نے کہا ہے کہ جج نے ہلسور کی شری گرو بسویشور ایجوکیشن سوسائٹی کے صدر کی نامزدگی کے متعلق فیصلہ دینے کے لیے ایک موکل سے پانچ لاکھ روپیے رشوت طلب کی تھی۔پولس نے کہا کہ اس نے سوسائٹی کے صدر پی این کاشی ناتھ کی شکایت پر جج کو ٹریپ کیا تھا اور انھیں گرفتار کرنے کی کوشش کی تھی۔مسٹر کاشی ناتھ 1975میں اس عہدے کے لیے منتخب ہوئے تھے مگر ہلسور کے ایک سوامی جی غیر قانونی طور پر اس عہدے پر عرصہ س قبضہ جمائے بیٹھے تھے۔چنانچہ انھوں نے بسواکلیان کورٹ میں مقدمہ دائر کیا تھا۔