نئی دہلی 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) راشٹرپتی بھون کل سے نریندر مودی کی حلف برداری تقریب کی تیاریوں کے سلسلہ میں عوام کے لئے دو دن تک بند رہے گا۔ نریندر مودی 26 مئی کو ملک کے 15 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف لیں گے۔ 24 مئی کو مقرر گارڈس کی تبدیلی کی تقریب میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ راشٹرپتی بھون سے جاری کردہ بیان کے بموجب راشٹرپتی بھون کے وسیع و عریض صحن میں نریندر مودی کی حلف برداری تقریب منعقد کی جائے گی جس میں 7 ممالک کے سربراہوں کے علاوہ دیگر اہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔ اِس کی تیاریوں کے سلسلہ میں راشٹرپتی بھون دو دن کے لئے عوام کیلئے بند کردیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ کو سری لنکا، افغانستان، نیپال، بھوٹان، مالدیپ اور بنگلہ دیش کے نمائندوں کی شرکت کی توثیق حاصل ہوچکی ہے۔