مدہول میں جماعت اسلامی کے کیڈر کے تعاون سے عوام کو سہولت
مدہول۔/12اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) قدیم راشن کارڈس کی جگہ تلنگانہ حکومت نے فوڈ سیکوریٹی کارڈس کی اجرائی کیلئے درخواستوں کے ادخال کا عمل 10اکٹوبر سے ضلع بھر میں جاری کیا ہے اور نئے راشن کارڈز و وظائف کی اجرائی سے متعلق حکومت نے عوام سے درخواستیں داخل کرنے کی خواہش کی ہے۔ 14اکٹوبر کو آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے جس پر عوام کو کئی مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا تھا اور لوگ پریشان تھے۔ ایسے میں مدہول جماعت اسلامی ہند اور ایس آئی او کی جانب سے بلا لحاظ مذہب و ملت عوام کی مدد کیلئے نوجوان متحرک ہوگئے جس میں جناب سید منہاج بشیر احمد، واجد محی الدین، احتشام الدین، جاوید احمد، سلمان خان صدر ایس آئی او مدہول کے علاوہ دیگر نوجوانوں و طلباء نے دفتر جماعت اسلامی مدہول پر خدمات انجام دیتے ہوئے دو سو تا تین سو افراد کی مدد کررہے ہیں۔ جس سے عوام کو راحت حاصل ہورہی ہے۔ جناب غوث محی الدین امیر مقامی جماعت اسلامی ہند مدہول نے اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ فلاحی کاموں میں حصہ لیتے ہوئے خدمات انجام دیتی ہے۔ اس طرح ریلیف اور دیگر کئی کاموں میں جماعت اپنا اہم رول ادا کرتی ہے۔ عوام کی خدمت کیلئے آخری تاریخ تک تعاون کرنے کا انہوں نے تیقن دیا۔ روزانہ صبح 10تا5بجے شام دفتر جماعت اسلامی پر عوام کی خدمت کیلئے نوجوان متحرک ہیں۔عوام ربط کرتے ہوئے راشن کارڈس، وظائف کی فارم کی خانہ پُری کرسکتے ہیں۔ اس موقع پر جناب وصی الدین خالد پٹیل، جناب خالد احمد، جناب تجمل احمد و دیگر موجود تھے۔