سفید راشن کارڈ گیرندوں کو ایس ایم ایس سے تفصیلات کی فراہمی

محکمہ سیول سپلائز سے اقدامات ، صارفین کو ڈیلرس کی ہراسانی سے نجات
حیدرآباد ۔ 31 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ڈسٹرکٹ محکمہ سیول سپلائز نے سفید راشن کارڈ گیرندوں کو راشن سپلائی سے متعلق بذریعہ ایس ایم ایس تفصیلات روانہ کرنے کے اقدامات کررہا ہے ۔ راشن شاپس کے ذریعہ حاصل کی جانے والی تمام اشیاء اور حاصل کی گئی تمام اشیاء کی تفصیلات روانہ کی جائیں گی ۔ اس مناسبت سے عہدیداران کارڈ گیرندوں کے سیل فون نمبرات کے حصول میں لگے ہوئے ہیں ۔ تاحال کارڈ گیرندے راشن حصولی کے لیے جانے پر ڈیلرس کسی چیز کی موجودگی اور کسی چیز کی عدم موجودگی کا بہانہ کرتے ہوئے صارفین کو پریشان کیا کرتے تھے اس مصیبت سے نجات دلانے کے لیے عہدیداران نے یہ اقدام اٹھایا ہے ۔۔
راشن ڈیلرس کو کارڈ ہولڈرس کے نمبرات حاصل کرنے کا حکم
راشن کارڈس کی حصولیابی کے وقت دئیے گئے سیل فون نمبرس میں نصف سے زائد نمبر ناکارہ ہیں ۔ جس کی وجہ سے فی الحال کارکرد سیل فون نمبرس پر ہی تفصیلات بذریعہ ایس ایم ایس روانہ کی جائیں گی ۔ ضلع حیدرآباد میں 5.69 لاکھ راشن کارڈس ہیں جن میں سے 3.12 لاکھ کارڈس کے سیل فون نمبرات کارکرد ہیں جب کہ 2.57 لاکھ کارڈس ہولڈرس کے سیل فون نمبرات ناکارہ ہوگئے ہیں ۔ لہذا عہدیداران نے تمام کارڈ ہولڈرس سے ان کے سیل فون نمبرات حاصل کرنے کے لیے راشن ڈیلرس کو احکامات جاری کردئیے ہیں ۔۔