یلاریڈی۔/23جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹاملناڈو ریاست میں جس طرح راشن ڈیلروں کو ہر ماہ تنخواہیں ادا کی جارہی ہیں اسی طرح تلنگانہ میں بھی راشن ڈیلرس کو ہر ماہ 30ہزار روپئے تنخواہ دینے کا ریاستی ڈیلر سنگم صدر مسٹر راجو نے مطالبہ کیا۔ تحفظ ملازمت اور مختلف مسائل کے حل لگاتار احتجاج بلند کرنے کا مشورہ دیا۔ یلاریڈی مستقر پر ضلع ڈیلروں کے اجلاس میں انہوں نے شرکت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو اناج سربراہ کرنے والے راشن ڈیلرس عہدیداروں کی ہراسانی کو برداشت کرتے ہوئے عدم اطمینان کے ساتھ کام کررہے ہیں، ریاست بھر کے راشن ڈیلرس جن مشکلات کا سامنا کررہے ہیں اس کے حل کیلئے احتجاج کرنا ہوگا۔ ہر راشن ڈیلر کو ہر ماہ 30 ہزار روپئے کے ساتھ ساتھ کنٹل چاول فروخت کرنے پر دو سو روپئے ادا کرنے، دوکانات مستقل تعمیر کرکے دینے اور ہر راشن دکان کیلئے ایک ہلپر دینے کا مطالبہ کیا۔ ان تمام مطالبات کیلئے متحدہ احتجاج کیلئے تمام اضلاع کے راشن ڈیلرس صدور کے ساتھ لائحہ عمل تیار کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر ریاستی جنرل سکریٹری مسٹر سنجیوا ریڈی اور مختلف اضلاع کے راشن ڈیلر صدور جس میں ناگراجو، کیشواراؤ، انور پاشاہ، منوج کمار، مقامی قائد ناگم سریندر اور دوسرے موجود تھے۔