راشن ڈیلرس ویلفیر اسوسی ایشن کا آج احتجاجی پروگرام

حیدرآباد۔/30مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشن ڈیلرس ویلفیر اسوسی ایشن نے حکومت پر راشن ڈیلرس کے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کرنے میں ناکام ہوجانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ حکومت کے اس طرز عمل کے خلاف تلنگانہ راشن ڈیلرس ویلفیر اسوسی ایشن نے 31 مئی کو ’’ چلو حیدرآباد ‘‘ پروگرام منظم کرنے کا اعلان کیا اور بتایا کہ چلو حیدرآباد پروگرام کے موقع پر حیات نگر کے مقام پر واقع لکشمی ریڈی پالم میں ایک بڑا احتجاجی جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔ مسٹر این راجو ریاستی صدر تلنگانہ راشن ڈیلرس ویلفیر اسوسی ایشن نے یہ بات بتائی اور کہا کہ راشن ڈیلرس کو اقل ترین اجرت فراہم کرنے، راشن ڈیلرس کو واجب الادا بقایا جات کو فی الفور ادا کرنے کے مطالبہ پر ’ چلو حیدرآباد ‘ پروگرام کے سلسلہ میں بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ راشن شاپ ڈیلرس ویلفیر اسوسی ایشن نے کہا کہ ان کے دیرینہ حل طلب مسائل کی ماہ جون کے اختتام تک یکسوئی کیلئے کوئی اقدامات نہ کرنے کی صورت میں یکم جولائی سے غیرمعینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کرنے کا سخت انتباہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ہڑتال کی نوٹس پیش کئے ہوئے دو ماہ گزر جانے کے باوجود حکومت کی جانب سے کوئی ردعمل حاصل نہیں ہوا ہے اور ان کے مطالبات کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔ مسرس ڈی ملیشم، بی رمیش بابو ، کرشنا مورتی قائدین تلنگانہ راشن ڈیلرس ویلفیر اسوسی ایشن نے’ چلو حیدرآباد ‘پروگرام کو کامیاب بنانے کی راشن شاپ ڈیلرس سے اپیل کی۔