راشن سربراہی میں بے قاعدگی کے خلاف ڈیلرس کو انتباہ

کوہیر /13 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کوہیر منڈل کے موضع گرجواڑے میں گراما درشنی پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا ۔ کوہیر منڈل اسپیشل آفیسر مسٹر بی رتنم کے ہمراہ منڈل سطح کے عہدیدار موجود تھے ۔ اس موقع پر دیہی روزگار اسکیم کے تحت کام کرنے والے مزدوروں کو وقت پر اجرت نہ ملنے پر مزدوروں نے احتجاج کرنا شروع کردیا ۔ جس پر اے پی او نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ آن لائین سسٹم میں تکنیکی خرابی ہونے کی وجہ سے رقم منتقل کرنے میں تاخیر ہوئی ہے ۔ اس کو جلد درست کرتے ہوئے مزدوروں کے اکاونٹ میں رقم ڈال دی جائے گی ۔ اس کے علاوہ عوام نے راشن ڈیلر کے خلاف شکایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ مقررہ وقت پر چاول نہ دیتے ہوئے رات کے اوقات میں چاول دے رہے ہیں جس پر تحصیلدار شنکر نائیک نے ڈیلر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ وقت مقررہ پر ہی چاول کے علاوہ راشن شاپ پر ملنے والی اشیاء بھی مقررہ وقت پر دیں ۔ اپنی من مانی نہ کریں، دوبارہ شکایت آنے پر کارروائی کی جائے گی ۔ اس کے علاوہ دیگر محکمہ جات کی کارکردگی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ بعد ازاں اسپیشل آفیسر ( ڈی ایس او ) ڈسٹرکٹ سیول سپلائی آفسر نے اخباری نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میدک میں ابھی تک 28 لاکھ افراد نے آدھار کارڈس کیلئے تصویر کشی مکمل کرلی ہے ۔

مابقی 2 لاکھ افراد کیلئے منڈل ہیڈ کوارٹر پر ایک سنٹر قائم کیا گیا ہے وہاں جاکر تصویر کشی کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گیاس سلینڈر کے حصولیابی کیلئے آدھار کارڈس کی اشد ضرورت ہے جس کے پاس ہے وہ لوگ گیس ایجنسیوں پر جمع کروادیں ۔ انہوں نے راشن ڈیلروں کیلئے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر ماہ کی 20 تاریخ تک چاول کیلئے ڈی ڈی روانہ کردیں ۔ لاپرواہی کرنے والے ڈیلر کو دو ماہ کی مہلت دیکر برخواست کردیا جائے گا ۔ اس موقع پر محکمہ آبرسانی ، ہاوزنگ ، پنچایت راج ، ریونیو برقی کے علاوہ دیگر محکمہ جات کے عہدیدار موجود تھے ۔ اس کے علاوہ سرپنچ سریکھا ڈپٹی سرپنچ قطب الدین وغیرہ موجود تھے ۔