راشد خان ٹوئنٹی 20 کے بھی نمبر ون بولر بن گئے

دبئی۔26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹوئنٹی20 کرکٹ کی نئی درجہ بندی جاری کردی جس میں افغانستان کے اسپنر راشد خان کی بلندیوں کی جانب پرواز جاری ہے اور وہ دنیا کے سرفہرست بولربن گئے جبکہ بیٹسمینوں میں نیوزی لینڈ کے کولن منرو نے پہلا مقام حاصل کرلیا ہے۔ راشد خان نے ونڈے کی طرح ٹی ٹوئنٹی میں بھی پہلا مقام حاصل کرلیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے بولر ایش سودھی کا دوسرا نمبر ، پاکستانی آل رائونڈر عماد وسیم چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے کولن منرو کو حالیہ شاندار فارم کا صلہ بھی مل گیا اور انہوں نے بیٹنگ میں پہلا نمبر سنبھال لیا جبکہ پاکستان کے بابر اعظم تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔آل راونڈرزکی فہرست میں آسٹریلیا کے جارحانہ بیٹسمین گریگ میکسویل کا راج ہے جبکہ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن دوسرے اور افغانستان کے محمد نبی تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ ٹیم درجہ بندی میں پاکستان اور آسٹریلیا مشترکہ طورپر پہلے نمبر پر موجود ہیں۔