راشد خان عالمی معیار کے بولر:ولیمسن

ممبئی۔25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )سن رائزرز حیدرآباد کے کپتان کین ولیمسن نے لیگ اسپنر راشد خان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان لیگ اسپنر عالمی معیار کے بولر ہیں لیکن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کسی کو بھی اتنی رعایت نہیں دیتی کہ وہ خود کو دباؤ سے بچا لے۔ کنگز الیون پنجاب کیخلاف 55 اور چینائی سوپرکنگز کیخلاف 49 رنز دینے والے راشد خان کے متعلق انہوں نے کہا کہ کوئی بھی بولر کسی جگہ مار کھا سکتا ہے کیونکہ اس کھیل کی فطرت یہی ہے تاہم اس نے حالیہ تجربات سے بہت کچھ سیکھا ہے اور ممبئی انڈینس کے خلاف انہوں نے اہم موقع پر اپنی بہترین کارکردگی سے خود کو ثابت کیا ہے۔یاد رہے کہ راشد خان افغانستان کے نہ صرف ابھرتے نوجوان بولر ہیں بلکہ انہوں نے آئی سی سی ونڈے اور ٹوئنٹی 20 درجہ بندی میں پہلا مقام بھی حاصل کیا ہے۔ اس وقت آئی پی ایل کے رواں سیزن میں وہ حیدرآبادی ٹیم سن رائزرس کی کامیاب نمائندگی کررہے ہیں جیسا کہ گزشتہ مقابلے میں ممبئی کے خلاف معمولی اسکور کے دفاع میں انہوں نے شاندار بولنگ اہم موقع پر کی جس میں 4 اوورس میں 11 رنز کے عوض 2 وکٹوں کے حصول کے ساتھ میڈ اِن اوور بھی قابل ذکر ہے۔