راحت علی کے بولڈ نے وسیم اکرم کی یاد تازہ کردی

شارجہ ۔یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان سوپر لیگ کے پہلے مرحلے کے اختتام کے ساتھ ہی دوسرا مرحلہ شارجہ میں شروع ہو گیا ہے جہاں چند یادگار لمحات نے شائقین و ماہرین کو اپنا گرویدہ بنا لیا جیساکہ دوسرے مرحلے کے پہلے ہی میچ میں راحت علی کی عمدہ گیند نے بھی شائقین کو داد دینے پر مجبور کردیا۔شارجہ میں کھیلے جا رہے پی ایس ایل کے دوسرے مرحلے کے پہلے ہی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے راحت علی نے آصف علی کو گیند ڈالی جو مڈل اسٹمپ پر پڑنے کے بعد تھوڑی سی باہر نکلی اور آصف کی آف اسٹمپ کو اڑا گئی۔راحت علی کی اس گیند کی جہاں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر بے انتہا تعریف کی گئی وہیں اس گیند نے سوئنگ کے شہنشاہ وسیم اکرم کی اس خوبصورت گیند کی یاد بھی تازہ کردی جس پر انہوں نے راہول ڈراویڈ کو بولڈ کیا تھا۔1999 میں پاکستانی ٹیم کے دورہ ہند کے موقع پر چینائی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹسٹ میچ میں ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز میں 271 رنز کے نشانہ کا تعاقب شروع کیا تو وسیم اکرم کی گیند پر امپائرز نے ڈراویڈ کو ایل بی ڈبلیو قرار نہ دیا حالانکہ ری پلے سے صاف ظاہر ہورہا تھا کہ گیند وکٹوں کو ٹکرا رہی تھی۔ایک گیند بعد ہی سوئنگ کے سلطان نے خوبصورت گیند پر ڈراویڈ کی وکٹیں بکھیر کر ایک مرتبہ شائقین کی یادوں پر شاندار بولنگ کے گہرے نقوش چھوڑے جو آج بھی موجود ہیں۔