راج ٹھاکرے ووٹ مانگنے مودی کے نام کا استعمال نہ کریں : منڈے

پونے۔ 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی لیڈر گوپی ناتھ منڈے نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ راج ٹھاکرے کی قیادت والی مہاراشٹرا نونرمان سینا (ایم این ایس) کو مودی کا نام استعمال کرکے ووٹ مانگتے ہوئے عوام کو گمراہ نہیں کرنا چاہئے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ صرف ایک روز قبل ہی صدر بی جے پی راج ناتھ سنگھ نے بھی انتخابی مہم کے دوران مودی کا نام استعمال کرنے پر ایم این ایس پر تنقیدکی تھی اور یہ تک کہہ دیا تھا

کہ ایم این ایس یا تو قومی جمہوری محاذ (این ڈی اے) میں شامل ہوجائے یا اپنی پارٹی کو (ایم این ایس) بی جے پی میں ضم کردے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے منڈے نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ایم این ایس کو مودی کے نام کا استعمال کرتے ہوئے مہاراشٹرا کے عوام کو گمراہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ یاد رہے کہ راج ٹھاکرے نے ایک عوامی جلسہ میں کہا تھا کہ ایم این ایس کے جو بھی ایم پیز منتخب ہوں گے وہ بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کی تائید کریں گے۔ بی جے پی قائد نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے پارٹی کے سابق صدر نتن گڈکری کے ساتھ راج ٹھاکرے اور ادھو ٹھارکے میں مفاہمت کی کوشش بھی کی جو ناکام ثابت ہوئی۔