نئی دہلی۔ 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) قومی طلبہ یونین ہندوستان (این ایس یو آئی) کے کئی کارکنوں نے آج مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی قیام گاہ کے روبرو بیرونی بینکوں میں جمع کالا دھن کے مسئلہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ این ایس یو آئی کے قومی صدر روجی ایم جان کی زیرقیادت احتجاجی مظاہرین بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت کی غیرملکی بینکوں سے کالادھن ہندوستان واپس لانے میں ناکام رہنے کے خلاف نعرہ بازی کررہے تھے۔ لوک سبھا انتخابات سے پہلے بی جے پی کے مختلف قائدین نے تقریروں میں دعویٰ کیا تھا کہ مودی حکومت کے 100 دن کے اندر غیرملکی بینکوں سے کالادھن وطن واپس لایا جائے گا، لیکن 99 دن مکمل ہوچکے ہیں اور مودی حکومت ہنوز ایک روپئے بھی غیرملکی بینکوں سے وطن واپس نہیں لاسکی۔