نئی دہلی۔ 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی ایم کے ایک وفد نے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی کیونکہ قومی دارالحکومت کے علاقہ میں زدوکوب کے ذریعہ ہلاکت کے پانچ واقعات پیش آچکے ہیں۔ وفد نے مرکزی وزیر داخلہ سے اس صورتحال میں مداخلت کی گذارش کی ۔ سی پی آئی ایم کے بموجب راج ناتھ سنگھ نے وفد کو تیقن دیا کہ وہ وفد کی جانب سے اُٹھائے ہوئے مسائل پر کارروائی کریں گے۔ وفد میں سی پی آئی ایم کی پولیٹ بیورو رکن برندا کرت اور ہریانہ اور دہلی کی بائیں بازو کی پارٹیوں کے معتمدین سریندر ملک اور کے ایم تیواری ،محمد اخلاق اور پہلو خان کے فرزندان جنہیں یوپی اور راجستھان میں زدوکوب کے ذریعہ ہلاک کردیا گیا ، شامل تھے۔ قبل ازیں سی پی آئی ایم کے وفد نے نئی دہلی کے مقام جنتر منتر پر دھرنا بھی دیا جس سے خطاب کرتے ہوئے برندا کرت نے حکومت پر ہندوتوا ایجنڈہ نافذ کرنے کا الزام عائد کیا۔