راجیہ سبھا کی دو نشستوں کیلئے متفقہ انتخاب ضروری

ڈی سرینواس اور لکشمی کانت کی تائید کیلئے ایٹالہ راجندر کی سیاسی جماعتوں سے اپیل

حیدرآباد۔ 30۔ مئی  ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ای راجندر نے راجیہ سبھا کی دو نشستوں کیلئے متفقہ طور پر انتخاب کیلئے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ دونوں نشستوں پر عددی طاقت کے اعتبار سے ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی ہے ۔ تاہم وہ امیدواروں کے متفقہ انتخاب کے لئے دیگر سیاسی جماعتوں سے تعاون کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک امیدوار کی کامیابی کیلئے 40 ارکان اسمبلی کی تائید ضروری ہے۔ اسمبلی میں کسی بھی دوسری پارٹی کو اس قدر ارکان حاصل نہیں ہیں۔ لہذا انہیں ٹی آر ایس امیدواروں کی تائید کرنی چاہئے ۔ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد سے پہلی مرتبہ راجیہ سبھا کی دو نشستوں کیلئے انتخابات ہورہے ہیں اور ان کیلئے متفقہ انتخاب کے ذریعہ سیاسی جماعتیں خوشگوار رعایت کا آغاز کرسکتی ہیں۔ وزیر فینانس ای راجندر اور وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی جنہیں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے راجیہ سبھا انتخابات کیلئے انچارج مقرر کیا ہے، آج اپنی حلیف جماعت مجلس کے دفتر پہنچ کر تائید کی اپیل کی۔ انہوں نے ٹی آر ایس امیدواروں کے پرچہ نامزدگی کے موقع پر موجود رہنے کی خواہش کی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نرسمہا ریڈی نے کہا کہ تائیدی جماعت کے ارکان پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر موجود رہیں گے۔ کل 31 مئی کو 11 بجکر 5 منٹ سے دوپہر 12 بجے تک ٹی آر ایس کے دونوں امیدوار کیپٹن لکشمی کانت راؤاور ڈی سرینواس اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ اس موقع پر ٹی آر ایس ارکان اسمبلی و کونسل اور پارٹی قائدین موجود رہیں گے۔ نرسمہا ریڈی نے کہا کہ دونوں امیدواروں کا انتخاب چیف منسٹر نے کیا ہے اور اس مسئلہ پر کوئی اختلاف نہیں ۔ ای راجندر نے بھی اس بات کی توثیق کی کہ راجیہ سبھا کے انتخاب میں حیدرآباد کی مقامی جماعت ان کی تائید کرے گی۔ اسمبلی کے احاطہ میں لیجسلیچر سکریٹری سدارام کے اجلاس پر پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جائیں گے۔ کانگریس پارٹی نے راجیہ سبھا کے مقابلہ سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے، لہذا ٹی آر ایس کے دونوں امیدواروں کا متفقہ انتخاب یقینی ہے۔