نئی دہلی 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) راجیہ سبھا انتخابات کے لئے سابق وزیر فینانس پی چدمبرم کو مہاراشٹرا سے کانگریس امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ جبکہ سینئر لیڈر کپل سبل اترپردیش سے اور جئے رام رمیش کرناٹک سے امیدوار ہوں گے۔ علاوہ ازیں دیگر امیدواروں میں کرناٹک سے آسکر فرنانڈیز، پنجاب سے پارٹی جنرل سکریٹری امبیکا سونی، چھتیس گڑھ سے چھایہ ورما، مدھیہ پردیش سے ویویک تنکھا اور اتراکھنڈ سے پردیپ ٹمٹا شامل ہیں۔ یہ فیصلہ پارٹی صدر سونیا گاندھی نے کیا ہے۔ سال 2014 ء کے پارلیمانی انتخابات میں 70 سالہ چدمبرم نے مقابلہ نہیں کیا تھا لیکن ان کے فرزند کارتی نے ٹاملناڈو میں شیو گنگا حلقہ سے شکست کھاگئے تھے۔ کرناٹک میں برسر اقتدار کانگریس سے ایک امیدوار کی نامزدگی کا اختیار پارٹی جنرل سکریٹری اور صدر پردیش کانگریس اور سی ایل پی لیڈر کو تفویض کیا گیا ہے۔ راجیہ سبھا میں چدمبرم اور کپل سبل کے داخلے اور جئے رام رمیش کی دوبارہ نامزدگی سے ایوان بالا میں حکومت کے خلاف پارٹی کے حملوں کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔ اگرچیکہ سابق وزیرداخلہ سشیل کمار شنڈے اور سابق ایم پی بالا چندر مونگیکر اور دیگر لیڈروں نے مہاراشٹرا سے راجیہ سبھا کی واحد نشست کے لئے مہم چلائی تھی لیکن انھیں کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔