راجیہ سبھا کیلئے اداکارہ روپا گنگولی کی نامزدگی

نئی دہلی۔/4اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) ٹیلی ویژن کے مشہور سیرئیل’ مہابھارت‘ میں دروپدی کا رول ادا کرنے والی اداکارہ اور بی جے پی لیڈر روپا گنگولی کو آج راجیہ سبھا کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔ انہوں نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں بی جے پی ٹکٹ پر ناکام مقابلہ کیا تھا ۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے کرکٹر سے سیاستداں بن جانے والے نوجوت سنگھ سدھو کی جگہ انہیں نامزد کیا ہے جنہوں نے بی جے پی قیادت سے اختلافات کے بعد راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفی دے دیا تھا۔
حالت نشہ میں گاڑی چلانے پر
الوک ناتھ کا بیٹا گرفتار
ممبئی۔/4اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) ممتاز فلمی اداکار الوک ناتھ کے فرزند کے خلاف حالت نشہ میں گاڑی چلانے کے الزام میں کیس درج کرلیا گیا۔ سب اربن ممبئی میں فلمی اداکار کے فرزند شیوانگ ناتھ اپنے 3 دوستوں بشمول 2 خواتین کے ساتھ کل شب ایک سالگرہ پارٹی سے کار میں آرہے تھے۔ ٹریفک پولیس نے تلاشی کیلئے انہیں کار روکنے کا اشارہ کیا لیکن انہوں نے رفتار بڑھاکر فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس نے تعاقب کرکے سب اربن باندرہ میں ایس وی روڈ پر ان کی کار کو روک لیا اور سانتا کروز پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا اور ان کے خلاف حالت نشہ میں گاڑی چلانے، ڈرائیونگ لائیسنس نہ رکھنے اور پولیس حکم کی تعمیل نہ کرنے پر کیس درج کیا گیا۔