راجیہ سبھا پرچہ جات نامزدگی میں وزیراعظم کی

عمر کی تصحیح کا حلف نامہ داخل
گوہاٹی ۔ 21 مئی (پی ٹی آئی) کانگریس کے آسام سے راجیہ سبھا کیلئے امیدوار وزیراعظم منموہن سنگھ نے پرچہ جات نامزدگی میں اپنی عمر کی تصحیح کرتے ہوئے 80 سال ہونے کا ایک تازہ حلفنامہ داخل کیا ہے۔ وزیراعظم نے یہ تازہ حلف نامہ دو دن قبل داخل کرتے ہوئے پرچہ جات نامزدگی میں درج ان کی عمر کو 82 سال سے تصحیح کرکے 80 سال کردینے کی گذارش کی گئی ہے۔ اسمبلی کے ذرائع کے بموجب راجیہ سبھا انتخابات 30 مئی کو مقرر ہے۔ قواعد کے مطابق کل تک امیدواروں کی جانب سے حلف نامے داخل کرنے کی آخری مہلت تھی تاکہ پرچہ جات نامزدگی میں تصحیح کی جاسکے۔ وزیراعظم نے اپنے پرچہ جات نامزدگی 15 مئی کو داخل کئے تھے۔ 23 مئی کو امیدواروں کی جانب سے سبکدوشی اختیار کرنے کی آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی۔ ضروری ہو تو رائے دہی 30 مئی کو 9 بجے تا 4 بجے منعقد کی جائے گی۔ رائے شماری کا آغاز 5 بجے شام سے ہوگا اور اس کی تکمیل 3 جون 2013ء سے قبل ہوجائے گی۔ کل کانگریس کے دوسرے امیدوار اور آل انڈیا یونائیٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کے امیدوار نے اپنے پرچہ جات نامزدگی برائے راجیہ سبھا کا دوسرا سیٹ پرچہ جات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ کو داخل کیا تھا۔ کانگریس کے دوسرے امیدوار سینٹیس پوجور ہیں۔ انہوں نے اپنے پرچہ جات نامزدگی پارٹی کے سینئر قائدین اور ارکان اسمبلی کی موجودگی میں ریاستی اسمبلی میں داخل کئے تھے۔
نریندر مودی کی اڈوانی سے حیرت انگیز ملاقات
نئی دہلی ۔ 21 مئی (پی ٹی آئی) چیف منسٹر گجرات نریندر مودی جنہیں بی جے پی کے ایک گوشہ کی جانب سے وزارت عظمیٰ کا امیدوار ظاہر کیا جارہا ہے، آج سینئر پارٹی قائد ایل کے اڈوانی سے ملے۔ انہوں نے بعدازاں اس ملاقات کو ’’حیرت انگیز‘‘ قرار دیا۔ نریندر مودی بی جے پی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں شرکت کیلئے نئی دہلی میں ہیں۔ یہ اجلاس 8 اور 9 جون کو مقرر پارٹی کے قومی عاملہ اجلاس سے قبل منعقد کیا جارہا ہے۔ اڈوانی نے بی جے پی کے سابق صدر نتن گڈکری سے بھی ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی۔ پارٹی کا پارلیمانی بورڈ بی جے پی کا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ادارہ ہے جس کے صدر ایل کے اڈوانی ہیں۔ اس کا اجلاس آج منعقد کیا جارہا ہے تاکہ آئندہ بی جے پی قومی عاملہ اور قومی کونسل کے گوا میں اجلاسوں کی حکمت عملی کا تعین کیا جائے۔ نریندر مودی کو حال ہی میں پارلیمانی بورڈ میں صدر پارٹی راج ناتھ سنگھ کی جانب سے شامل کیا گیا ہے۔