نئی دہلی،21دسمبر(سیاست ڈاٹ کام)حکومت نے جمعہ کو مالی سال 19-2018کے لئے 85ہزار کروڑ روپے کے کل اضافی خرچ کی ضمنی مطالبات زر راجیہ سبھا میں پیش کی۔ وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کل 85ہزار کروڑ 86لاکھ روپے کے کل اضافی خرچ کے لئے ضمنی مطالبات زر سے متعلق تجویز راجیہ سبھا میں پیش کی،جس میں کل نقد خرچ 15065کروڑ 49لاکھ روپے کا ہوگا،جبکہ 70ہزار 882کروڑ 21لاکھ روپے وزاتوں اور محکموں کی بچت یا بڑھے ہوئے ٹیکس اور محصولات سے پورا کیا جائے گا۔مسٹرجیٹلی نے اس پر ایوان سے بحث کرنے اور اسے منظور کرنے کی اپیل کی۔حالانکہ کانگریس کے ڈپٹی لیڈر آنند شرما نے کہا کہ ضمنی مطالبات زر پر بحث سے پہلے جموں و کشمیر میں صدر راج لگانے پر بحث کی جانی چاہئے ۔ ضمنی مطالبات زر میں کل اضافی خرچ کی تقریباً آدھی رقم کا استعمال عوامی شعبہ کے بینکوں میں سرمایہ ڈالنے کے لئے ہوگا۔