راجیہ سبھا میں جیٹلی کی منموہن سنگھ سے خیرسگالی ملاقات

نئی دہلی ۔ یکم ؍ فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیرفینانس ارون جیٹلی نے پارلیمنٹ کے راجیہ سبھا میں بھی مرکزی بجٹ برائے سال 2017-18ء کو مالیاتی پالیسی پر مبنی بیان کے ساتھ پیش کیا۔ اس سے قبل انہوں نے لوک سبھا میں یہ بجٹ پیش کیا تھا۔ ایوان بالا کی کارروائی کے آغاز اور صدرنشین حامد انصاری کی آمد سے قبل  جیٹلی نے سرکردہ ماہر معاشیات و سابق وزیراعظم منموہن سنگھ سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ چند لمحات گذارا۔ انہوں نے سینئر رکن کرن سنگھ اور دوسروں سے بھی آداب و نمستے کیا۔ ان کے ساتھ وزیرتوانائی پیوش گوئل بھی تھے اور انہوں نے بھی منموہن سنگھ سے چند منٹ بات کی۔ ایوان میں بجٹ پیش کرنے کے بعد صدرنشین حامد انصاری نے ایوان کو کل تک کیلئے ملتوی کردیا۔
آلوک ورما نے سی بی آئی کے ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالا
نئی دہلی، یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) مسٹر آلوک کمار ورما نے آج مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کے ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھال لیا۔مسٹر ورما کو 19 جنوری کو سی بی آئی کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا تھا۔ اس سے قبل مسٹر ورما دہلی پولیس کمشنر کے عہدہ پر فائز تھے ۔ وہ راکیش استھانا کے جانشین بنائے گئے ہیں، جو سی بی آئی کے عبوری ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کررہے تھے ۔مسٹر ورما انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) کے 1979 بیچ کے اروناچل پردیش ، گوا، میزورم، مرکز کے کنٹرول پڈوچیری کیڈر کے افسر ہیں۔
اور فروری 2016 میں انہوں نے پولیس کمشنر بھیم سین بسی کی سبکدوشی کے بعد دہلی کمشنر کا عہدہ سنبھالا تھا۔ ان کی معیاد کار رواں برس جولائی تک تھی۔ مسٹر ورما دہلی پولیس کمشنر بننے سے قبل تہاڑ جیل کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر فائز تھے ۔