نئی دہلی ۔ 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) راجیہ سبھا نے ایک قدیم روایت کو ترک کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہیکہ اگر کوئی بین سیشن کی مدت کے دوران کوئی موجودہ رکن کا انتقال ہوجائے تو ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی نہیں کی جائے گی۔ تاہم سیشن کے دوران کسی موجودہ رکن کے انتقال کی صورت میں کارروائی کو دن بھر کیلئے ملتوی کردینے کی روایت جاری رہے گی۔ راجیہ سبھا کے یہاں جاری کردہ بلیٹن میں بتایا گیا کہ صدرنشین حامدانصاری نے اس ضمن میں مرکزی کمیٹی کی سفارشات قبول کرلئے ہیں۔ اس کمیٹی کا نئے ضابطہ کے بارے میں فیصلے کیلئے اجلاس 3 مئی کو منعقد ہوا تھا۔ بلیٹن کے مطابق کوئی غیرمعمولی شخصیت یا قومی قائد یا کسی بیرونی شخصیت کے انتقال کی صورت میں چیرمین راجیہ سبھا ایوان کے لیڈر کے ساتھ مشاورت میں معاملہ در معاملہ کی اساس پر فیصلہ کریں گے کہ آیا ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کردی جائے یا نہیں۔