کرناٹک کی 59 شخصیتوں کا مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات پر انتخاب
بیدر۔/30اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یکم نومبر کو یوم تاسیس کرناٹک کے موقع پر دیئے جانے والے ریاستی حکومت کے باوقار راجیہ اتسو ایوارڈ حاصل کرنے کی خواہش رکھنے والوں کی تعداد گیارہ ہزار تک پہونچ گئی ہے جو کہ اب تک کا ایک ریکارڈ ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کے دفتر کو زائد از دس ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ چیف منسٹر کے دفتر کو ایوارڈ کیلئے موصول ہونے والی درخواستوں کا ایک نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔ جس کیلئے ایک ضابطہ عملہ مقرر کردیا گیا ہے جو تمام درخواستوں کی فہرست مرتب کرکے محکمہ کنڑا اینڈ کلچر کو روانہ کرنے کا کام انجام دے رہا ہے۔ دوسری جانب وزیر کنڑا اینڈ کلچر اوما شری کے دفتر کو بھی راجیہ اتسو ایوارڈ کیلئے ایک ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ اوما شری کے بموجب اس سال مختلف شعبہ حیات میں نمایاں خدمات انجام دینے والی 50شخصیتوں کو ہی ایوارڈ دیئے جائیں گے۔ گزشتہ سال راجیہ اتسو ایوارڈ کیلئے اہل و موزوں شخصیات کا انتخاب کرنے ریاستی حکومت نے ممتاز کنڑا ادیب پروفیسر پواراننت مورتی کی سرگرکردگی میں ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ لیکن اس سال چھ وزراء اور مختلف اکیڈیمیوں کے صدور پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ کمیٹی کا آج اجلاس منعقد ہوا جس میں درخواستوں کا جائزہ لیا گیا اور فہرست مرتب کی گئی ہے ۔ کمیٹی کا آئندہ اجلاس ہفتہ کے دن منعقد ہوگا جس میں قطعی فہرست مرتب کی جائے گی۔