نئی دہلی۔ 20 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ملک نے آج سابق وزیراعظم آنجہانی راجیو گاندھی کو اُن کی 70 ویں یوم پیدائش تقریب کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا۔ صدرجمہوریہ ہند پرنب مکرجی، نائب صدر محمد حامد انصاری نے آنجہانی قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے میں قوم کی قیادت کی۔ مکرجی، انصاری اور سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے راجیو گاندھی کی سمادھی ویر بھومی پر پہنچ کر پھول مالائیں چڑھاتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ راجیو گاندھی کی شریک حیات صدر کانگریس سونیا گاندھی، فرزند نائب صدر کانگریس راہول گاندھی، دُختر پرینکا گاندھی وڈرا اور ان کے شوہر رابرٹ وڈرا نے بھی سمادھی پر پھول نچھاور کئے۔ سینئر کانگریس قائدین سشیل کمار شنڈے، موتی لال ووہرہ، مکل واسنک، محسنہ قدوائی، دہلی پردیش کانگریس کے صدر اروندر سنگھ لولی اور کانگریس مقننہ پارٹی کے قائد ہارون یوسف اور دیگر قائدین نے آنجہانی قائد کو پھول چڑھاتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔ مذہبی موسیقی، پورے پروگرام کے دوران بجائی جارہی تھی۔ نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا، این ایس یو آئی کے بیسیوں ارکان اس موقع پر موجود تھے۔ راجیو گاندھی نے اطلاعات و ترسیل ٹیکنالوجی کے انقلاب کے نقیب کا کام کیا تھا۔ وہ 20 اگست 1944ء کو پیدا ہوئے تھے اور 1984ء سے 1989ء تک ملک کے چھٹویں وزیراعظم رہے۔ ان کو 21 مئی 1991ء کو سری پرم بددور (ٹاملناڈو) میں ایک انتخابی مہم کے دوران قتل کردیا گیا تھا۔ اُتراکھنڈ کے چیف منسٹر ہریش راوت نے بھی راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔