پٹنہ 18 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) گورنر بہار ستیہ پال ملک نے آج کہا کہ آنجہانی وزیر اعظم راجیو گاندھی ایک اچھے اور دیانتدار شخص تھے لیکن وہ غلط لوگوں میں گھرے رہنے کی وجہ سے پریشان ہوئے تھے ۔ ان کے اس ریمارک پر کانگریس نے فوری ان کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا کہ وہ ہر بات کو آر ایس ایس کی نظر سے نہیں دیکھ رہے ہیں۔ ستیہ پال ملک کا یہ ریمارک بی جے پی کیکئی قائدین کے بیانات کے یکسر مغائر ہے جنہوں نے اکثر و بیشتر راجیو گاندھی کو تنقیدوں کا نشانہ بنایا ہے ۔ ان پر بوفورس اسکینڈ ل میں ملوث رہنے کا الزام عائد کیا جاتا ہے ۔ ستیہ پال ملک بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور قومی نائب صدر رہ چکے ہیں۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ اگر عوامی زندگی میں غلط لوگ آپ کو گھیرے رکھتے ہیں تو پھر وہ آپ کو بھی مشکل کا شکار کرکستے ہیں۔ انہوں نے بوفورس کے حوالے سے کہا کہ راجیو گاندھی اچھے اور دیانتدار شخص تھے لیکن غلط لوگوں کی وجہ سے پریشان ہوئے تھے ۔