راجیو سواگروہا فلیٹس کی سرکاری ملازمین کو فروخت

بندلہ گوڑہ اور پوچارم میں دستیاب۔وزیر اندرا کرن ریڈی کا بیان
حیدرآباد 26 اگسٹ ( این ایس ایس ) ریاستی حکومت نے راجیو سواگروہا کے مکانات سرکاری ملازمین کو پہلے آؤ پہلے پاؤ کی اساس پر رعایتی اور مارکٹ قیمت سے کم داموں پر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سابقہ حکومت میں 2006 سے 2009 کے دوران بنڈلہ گوڑہ اور پوچارم علاقوں میں راجیو سوا گروہا اسکیم کے تحت 3710 فلیٹس تعمیر کئے گئے تھے تاکہ اسے کم آمدنی والے گروپس میں قابل رسائی قیمتوں پر فراہم کیا جاسکے ۔ تاہم مختلف وجوہات کی بنا پر یہ مکانات فروخت نہیں ہوسکے اور یہ حکومت پر بوجھ بنے ہوئے ہیں۔ اب ٹی آر ایس حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ان مکانات کو مارکٹ قیمتوں سے کم داموں پر اپنے ملازمین کو فروخت کیا جائے ۔ ریاستی وزیر ہاوزنگ اے اندرا کرن ریڈی نے آج ایک پریس کانفرنس میں یہ بات بتائی ۔ انہوں نے اس کیلئے ویب سائیٹ www.tsswagruha.cgg.gov.in کا افتتاح انجام دیا ۔ چیف سکریٹری ایس پی سنگھ ‘ اسپیشل سکریٹری برائے ہاوزنگ چترا رامچندرن اور دوسرے اس موقع پر موجود تھے ۔ اندرا کرن ریڈی نے کہا کہ یہ اقدامات چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر کئے جا رہے ہیں جو سرکاری ملازمین کی فلاح و بہبوو کا عزم رکھتے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ راجیو سواگروہا کے مکانات سرکاری ملازمین کو فراہم کرتے ہوئے ان کی مدد کی جا رہی ہے کیونکہ یہ لوگ کرایہ کے گھروں میں نہیں رہ سکتے اور اب حکومت مکان کیلئے انہیں بھاری سبسڈی بھی فراہم کر رہی ہے ۔ ملازمین کی ضروریات کے اعتبار سے یہ فلیٹس سنگل بیڈ روم اور ڈبل بیڈ روم کے علاوہ تین بیڈ روم پر مشتمل ہیں۔ یہ فلیٹس 523مربع فیٹ سے 1487 مربع فیٹ تک ہیں۔ بنڈلہ گوڑہ میں فلیٹس کی قیمت 1900 روپئے فی مربع فیٹ اور 1700 روپئے قدرے غیر مکمل فلیٹس کیلئے ہے ۔ اسی طرح پوچارم میں مکمل فلیٹس کی قیمت 1700 روپئے مربع فیٹ اور قدرے غیر مکمل کیلئے 1500 روپئے فی مربع فیٹ مقرر کی گئی ہے ۔ دیگر چارجس اور جی ایس ٹی الگ ہونگے ۔