ممبئی۔10اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کپتان راجیش بشنوئی کے 36گیندوں میں بنائے جانے والے تیز رفتار 75رنز کی بدولت راجستھان نے مشکل حالات پر قابو پاتے ہوئے سنسنی خیز طور پر کیرالا کو تین وکٹوں کی اس وقت شکست دی جب کہ مقابلے میں ایک گیند پھینکی جانی باقی تھی۔ سید مشتاق علی آل انڈیا ٹوئنٹی 20 گروپ بی کے اس مقابلہ میں راجستھان کی کامیابی ایک سنسنی خیز کامیابی رہی ۔ وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ بی کے ایک اور مقابلہ میں دہلی نے اپنی پہلی کامیابی حاصل کی جیسا کہ اس نے بنگال کو 7وکٹوں سے شکست دی ۔ قبل ازیں 173رنز کے ایک بڑے اسکور کے تعاقب میں راجستھان کا آغاز ناقص رہا جیسا کہ اس کے چار بیٹسمین 8اوورس میں ہی اُس وقت پویلین لوٹ گئے تھے جب بورڈ پر صرف 49درج تھے ۔
راجیش جن کا دسویں اوور میں اُس وقت ایک کیچ چھوڑا گیا جب وہ صرف 9رنز بنائے تھے اور اس موقع پر فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے نریش کے ہمراہ 47اور دیویا پرتاپ سنگھ کے ہمراہ 32گیندوں میں 70رنز کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا ۔ راجستھان کے کپتان نے اپنی اننگز کے دوران 5چوکے اور 6چھکے لگائے ۔ دہلی ۔بنگال مقابلے میں مشرقی ٹیم نے اپنی حریف ٹیم کو 119/8 تک محدود رکھا اور پھر 6گیندیں قبل تین وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ نشانہ حاصل کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی اور یہ دہلی کی پہلی کامیابی ہے۔