حیدرآباد 2 اگسٹ (پی ٹی آئی) تلنگانہ کے ایک بی جے پی رکن راجہ سنگھ کی گجرات کے موضع ارنا میں گاؤ رکھشکوں کے ہاتھوں دلتوں کی پٹائی کی تائید سے متعلق تبصروں پر گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی (عاپ) دہلی کے رکن اسمبلی سومناتھ بھارتی اور حیدرآباد کے 30 مقامی کارکنوں کو پولیس نے احتیاطی تحویل میں لے لیا۔ عام آدمی پارٹی تلنگانہ یونٹ کے کارکنوں نے سومناتھ بھارتی کی قیادت میں آج حیدرآباد پولیس کمشنر کے دفتر کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔ انھوں نے راجہ سبھا کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے انھیں گرفتار کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ نارائن گوڑہ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر ایس بھیم ریڈی نے پی ٹی آئی سے کہاکہ ’’سومناتھ بھارتی کے بشمول عام آدمی پارٹی کے 37 کارکنوں کو احتیاطی تدابیر کے تحت حراست میں لے لیا گیا۔ جنھیں بعدازاں رہا کردیا گیا‘‘۔