چینائی ۔ 12 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی جس کا سب سے بڑا انتخابی مدعا بدعنوانی کا خاتمہ ہے، نے آج اعلان کیا کہ وہ 2G اسپکٹرم اسکام کے ملزمین و سابق وزراء اے راجہ اور دیاندھی مارن کے خلاف ٹاملناڈو میں 24 اپریل کو منعقد شدنی لوک سبھا انتخابات میں عام آدمی پارٹی امیدواروں کو نامزد کرے گی ۔ عام آدمی پارٹی کے ٹاملناڈو کنوینر ڈیوڈ برون کمار نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یقیناً ہم ان لیڈروں کے خلاف اپنے امیدوار انتخابی میدان میں ضرور اتاریں گے جو سر سے پیر تک اسکامس میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ ہم نیلگیریز میں اے راجہ کے خلاف اور وسطی چینائی میں دیاندھی مارن کے خلاف اپنے امیدوار نامزد کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جاریہ ہفتہ کے بعد انتخابی حلقوں اور امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی جائے گی۔